جموں: جموں کی خصوصی عدالت میں جمعرات کے روز جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید کی بیٹی روبیہ سعید کے اغوا کیس کی سماعت ہوئی۔ اس کیس میں یاسین ملک اور اس کے ساتھی رفیق پہلو ورچیول موڈ کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے۔
جمعرات کے روز اس کیس کی سماعت کے دوران کشمیر بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر میاں عبدالقیوم سمیت تین گواہوں کو پیش ہونا تھا، تاہم گواہ عدالت میں پیش ہونے میں ناکام رہے۔میاں قیوم نے عدالت میں میڈیکل سرٹیفیکٹ جمع کرائی کہ وہ ہسپتال میں زیر علاج ہے۔اس کے علاوہ گواہ نمبر 23 انتقال کر گئے ہے۔
بتادیں کہ کورٹ نے پہلو کو 1990 میں ہندوستانی فضائیہ کے چار افسران کے قتل اور روبیہ سعید کے اغوا کے سلسلے میں اپنی ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست پر اعتراضات دائر کرنے کا آخری موقع دیا تھا۔عدالت اب آئی اے ایف اہلکاروں کے قتل کیس کی سماعت 18 جنوری کو کرے گی جبکہ اگلے دن روبیہ سعید کیس کی سماعت ہوگی۔
واضح رہے کہ امسال روبیہ سعید کو 1989 میں سرینگر کے بالائی علاقے سے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے عسکریت پسندوں کی جانب سے اغوا کیے جانے سے متعلق درج کیس میں بطور گواہ طلب کیا گیا تھا۔ سی بی آئی کی وکیل مونیکا کوہلی کے مطابق اغوا کیس میں روبیہ سعید نے تہاڑ جیل میں مقید لبریشن فرنٹ کے سربراہ یاسین ملک سمیت تمام اغوا کاروں کی شناخت کر لی ہے۔
مزید پڑھیں:
- جموں کی ٹاڈا عدالت میں یاسین ملک کے دو مقدمات کی سماعت ہوئی
- مجھے کسی بھی ملزم کی پہچان نہیں ہے، روبیہ سعید
بتادیں کہ جس وقت اغوا کا یہ واقعہ سامنے آیا تھا، اس وقت مفتی محمد سعید مرکز میں وزیر داخلہ تھے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ شریک وی پی سنگھ کی مخلوط جنتا دل حکومت کیلئے روبیہ سعید کی بازیابی ایک نازک صورتحال تھی۔جموں و کشمیر میں اس وقت ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی قیادت میں نیشنل کانفرنس کی حکومت قائم تھی جو روبیہ سعید کی رہائی کے بدلے پانچ عسکریت پسندوں کو چھوڑنے کی مخالفت کررہی تھی۔روبیہ سعید ایک منی بس میں سرینگر کے میڈیکل کالج سے اپنی رہائش گاہ نوگام کی جانب جارہی تھی جب عسکریت پسندوں نے انہیں حیدر پورہ کے قریب بندوق کی نوک پر اغوا کیا۔ انہیں ایک ماروتی کار میں سوار کرکے سوپور پہنچادیا گیا تھا۔ روبیہ سعید اس وقت ایم بی بی ایس کی تعلیم حاصل کررہی تھیں۔