عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے سبب عائد لاک ڈاؤن کی وجہ سے جموں میں تمام سیاحتی مقامات اور باغات و پارکس کو عوام کی آمد و رفت کے لیے مارچ کے مہینے میں بند کر دیا گیا تھا۔ جس کے بعد منگل کو جموں و کشمیر کی انتظامیہ نے باغات اور پارکس کو عوام کے لئے کھولنے کا اعلان کیا۔ پارکس کو عوام کے لیے کھولے جانے کے اعلان کے ساتھ ہی جموں میں پارکس اور باغات کی صفائی ستھرائی کا کام تیزی کے ساتھ شروع کیا گیا ہے۔
جموں کے مشہور مہاراجہ ہری سنگھ پارک، باغی بہو، رنویر کنال پارک، مبارک منڈی پارک میں صفائی ستھرائی کا کام شد و مد سے جاری ہے۔
انتظامیہ کے اس اقدام پر عوام نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ جموں کے ایک مقامی نوجوان مہندر جیت سنگھ نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’’یہ ایک بہت بڑا اور خوش آئند قدم ہے، لاک ڈاؤن کی وجہ سے نوجوان خاصکر بچے اپنے گھروں میں ہی محصور ہو کر رہ گئے تھے اور اب پارکس کے کھولے جانے سے گھومنے اور سیر کرنے کا موقع ملے گا۔‘‘
متعدد مقامی باشندوں نے پارکس کے کھولے جانے پر سرکار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عوام سے سرکار کی جانب سے مشتہر کیے گئے رہنمایانہ اصولوں کی پاسداری کرنے کی اپیل کی۔
پارکس کھولے جانے کے اعلان کے ساتھ ہی سرکار نے پارکس میں آنے والے افراد کو ماسک پہننے کے علاوہ سماجی فاصلے سمیت دیگر سبھی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کو لازمی قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس مارچ کے مہینے میں جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر باغات اور پارکس میں عوام کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔