جموں: امر ناتھ یاتریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی غرض سے ریلوے محکمہ نے دو خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔ ریلوے حکام نے بتایا کہ یکم جولائی سے شروع ہونے والی امر ناتھ یاترا کے دوران یاتریوں کے بھاری رش کے پیش نظر دو خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا اور نئی دہلی گتی شکتی سمراسپیشل ایکسپرس نامی ٹرینیں چلیں گی۔ ان کے مطابق گتی شکتی سمرا سپیشل ٹرین نئی دہلی سے دو جولائی رات 11بجکر 15منٹ پر روانہ ہوگی اور اگلے دن صبح گیارہ بجکر 25منٹ پر شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا پہنچے گی۔
ریلوے حکام نے مزید کہا کہ شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا - نئی دہلی گتی شکتی سمر اسپیشل 3 جولائی کی شام 06.30 بجے کٹرا ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہوگی اور اگلے دن صبح 06.50 پر نئی دہلی پہنچے گی۔ حکام نے مزید بتایا کہ ان خصوصی ٹرینوں میں ائیر کنڈیشن ڈبے ہوں گے اور سونی پت، پانی پت، کرنال ، کروکشیتر، امبالا کینٹ، لدھیانہ، جالندھر کینٹ، پٹھانکوٹ کینٹ، جموں توی اور ادھم پور اسٹیشنوں پر یاتریوں کے لئے رکے گی۔ جبکہ ایک اور ٹرین دہلی جنکشن سے شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا کے درمیان دو بار چلے گی۔
مزید پڑھیں: Amarnath Yatra 2023 سالانہ امر ناتھ یاترا: یاتریوں کے پہلے قافلہ کی بیس کیمپ جموں میں آمد
ناردرن ریلوے حکام نے مزید کہا کہ ٹرین 3 جولائی کو 11:15 بجے دہلی جنکشن سے روانہ ہوگی اور اگلے دن صبح 11بجکر 25منٹ پر شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا پہنچے گی۔ حکام کے مطابق ’’ٹرین میں سلیپر اور جنرل کلاس کوچز کے ساتھ ایئر کنڈیشن کوچز ہوں گے اور یہ سونی پت، پانی پت، کرنال، کروکشیتر، امبالا کینٹ، لدھیانہ، جالندھر کینٹ، پٹھانکوٹ کینٹ، جموں توی اور ادھم پور اسٹیشنوں پر رکے گی‘‘۔
یو این آئی