بارڈر سیکورٹی فورسز (بی ایس ایف) کے ڈائریکٹر جنرل راکیش استھانا نے کہا ہے کہ ہمسایہ ممالک بھارت کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں بی ایس ایف کا رول زیادہ ہی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے ان باتوں کا اظہار اپنے دورے کے تیسرے اور آخری روز جموں میں سینک سمیلن کو خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے پاکستان اور چین کا نام لئے بغیر کہا : ’’ہم سب کے لئے نازک وقت ہے کیونکہ ہمارے دونوں ہمسایہ ممالک ہمارے خلاف سازشیں کر رہے ہیں لہٰذا ہمارا رول زیادہ اہم بن گیا ہے کیونکہ ہم بھارتی دفاع کی پہلی لائن ہے۔‘‘
انہوں نے فوج کے تمام شعبوں سے تاکید کی کہ وہ نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھیں۔
ڈی جی نے مزید کہا کہ بی ایس ایف کے جوان رات دن سخت ترین حالات میں بھی ملک کے سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل نے قبل ازیں پونچھ اور راجوری اضلاع کا بھی دورہ کیا اور وہاں کی تازہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔