جموں: جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اتوار کے روز کہاکہ ہمسایہ ملک یہاں کے نوجوانوں کو نارکو ٹیررزم کے ذریعے نشانہ بنا رہا ہے تاکہ یوٹی کے نوجوانوں کو نشے کی دلدل میں دھکیلا جائے۔ان باتوں کا اظہار منوج سنہا نے جموں میں تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں منشیات کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔انہوں نے پاکستان کا نام لئے بغیر کہاکہ ہمسایہ ملک نارکو ٹیررزم کے ذریعے جموں وکشمیر کے نوجوان کو نشانہ بنا رہا ہے تاکہ نوجوان نسل کو نشے کی دلدل میں دھکیلا جا سکے۔ان کے مطابق ہمسایہ ملک کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر سیکورٹی ایجنسیاں کام کر رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آج ملک کے تئیں نوجوانوں میں جو ولولہ اور جذبہ پایا جارہا ہے وہ قابل تعریف ہے۔ منوج سنہا نے مزید بتایا کہ ملک کی سب سے بڑی طاقت ایکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ خوشی کی بات ہے کہ موجودہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں ملک دنیا کی پانچویں بڑی معیشت کے طورپر ابھر کر سامنے آیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہاکہ من کی بات پروگرام کے سو قسط پورے ہونا ایک فخر کی بات ہے کیونکہ یہ اعزاز صرف وزیر اعظم کو ہی جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی ممالک کے لوگ بھی وزیراعظم مودی کی من کے بات پروگرام کو غور سے سنتے اور اس پر عمل کرتے ہیں۔منوج سنہا نے نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ ملک کو آگے لیجانے کی خاطر نوجوان طبقہ کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا چاہئے۔
یو این آ ئی