جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں ائیرر پورٹ پر شبانہ پرواز (Night Flight) کا افتتاح کرتے ہوئے جموں سے دہلی جانے والی گو ایئر کی نائٹ فلائٹ کو روانہ کیا۔
اس موقع پر ایل جی منوج سنہا نے کہا کہ شبانہ پروازوں کی شروعات سے مسافروں کو کافی راحت ملے گی اور خطے میں سیاحت، معیشت اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے جموں و کشمیر کے کسانوں کو بھی کافی فائدہ ہوگا۔
واضح رہے کہ یو ٹی حکومت نے حال ہی میں جموں و کشمیر سے سبزیوں اور پھلوں کی ہوائی نقل و حمل کے لیے گو ایئر کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے، جس میں سرینگر سے چیری کی پہلی کھیپ دبئی اور اور جموں سے لیچی ممبئی روانہ کی گئی۔ اس ضمن میں کارگو سہولت کا باقاعدہ افتتاح بھی جلد متوقع ہے۔
مزید پڑھیں: صدر جمہوریہ کی آمد پر بلیوارڈ اور گپکار روڈ پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہے گی
ائیرپورٹ حکام کے مطابق ہوائی اڈے پر رن وے کی کشادگی، اپروچ لائٹنگ سسٹم سمیت نائٹ فلائٹ آپریشن کے لیے انسٹرومنٹ لینڈنگ سسٹم (ILS) ، CAT-1 لائٹس PAPI ، سہولیات کو یقینی بنایا گیا ہے جس سے شبانہ پروازوں کی نقل و حمل کو ممکن بنا لیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 1300 فٹ لمبی جدید رن وے کو موجودہ رن وے کے ساتھ ضم کر دیا گیا ہے اور نائٹ فلائٹ سے متعلق دیگر تعمیراتی کام کو 31 اگست 2021 تک مکمل کر لیا جائے گا۔