جموں:جموں کشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں میں سی بی آئی نے کے اے ایس آفیسر اور لیکچرار کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سینٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی ) نے بدھ کے روز جموں وکشمیر ٹورازم ڈیلوپمنٹ کارپوریشن کے چیف اکاونٹس آفیسر (کے اے ایس) اور گورنمنٹ پال ٹیکنک کالج کے لیکچرار کو 2.3لاکھ روپیہ کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک شخص نے سی بی آئی میں شکایت درج کی کہ چیف اکاونٹس آفیسر لیکچرار کے ذریعے شکایت کنندہ سے کام نپٹانے کی خاطر 2.3لاکھ روپیہ کی رشوت کا تقاضہ کر رہا ہے۔ اُن کے مطابق سی بی آئی نے جال بچھایا جس دوران ملزم کو شکایت کنندہ سے 2.3لاکھ روپیہ کی رقم لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔دونوں ملزمان کے سرکاری اور رہائشی مکانوں کی تلاشیاں بھی لی گئیں۔
مزید پڑھیں: SICOP Officer Arrested ایس آئی سی او پی کا افسر مبینہ طور رشوت لیتے ہوئے گرفتار
سی بی آئی ذرائع نے گرفتار شدگان کی شناخت چیف اکاونٹس آفیسر سجاد احمد اور لیکچرار شوکت علی کے طورپر کی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ دونوں کو عدالت مجاز میں پیش کرکے وہاں سے اُن کی ریمانڈ حاصل کی جائے گی۔