جموں: بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ترون چگ کا کہنا ہے کہ دفعہ370 کی تنسیخ کے بعد جموں وکشمیر سیاحت کا مرکز بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں 75 نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی ہوئی ہے جس کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا مبارکبادی کے مستحق ہیں۔موصوف جنرل سکریٹری نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب سے مودی جی نے سال 2019 میں دفعہ 370 کو ہٹایا تب سے جموں و کشمیر ٹریرزم کے مرکز کے بجائے ٹورزم کا مرکز بن گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں 75 نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جس کے لئے میں وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو مبارک باد دیتا ہوں جنہوں نے اس کو دنیا کے بڑے بڑے سیاحتی ممالک کے ساتھ جوڑا۔ چگ نے کہا کہ دنیا بھر سے یہاں سیاح آتے ہیں اور ایشیا کا سب سے بڑا ٹلپ باغ سرینگر میں ہی واقع ہے جہاں بھاری تعداد میں سیاح آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے ہر کونے میں سیاحوں کو پہنچانے کے لئے یہاں کی سرکار کوشاں ہے۔
مزید پڑھیں: Almond Blossoms In Kashmir بادام واری میں بادام کے شگوفوں سے لطف اندوز ہونے کے لئے سیاحوں کا رش
واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں ان دونوں سیاحوں کا کافی رش دیکھنے کو ملا ہے ۔محکمہ سیاحت کے مطابق ماہ فروری میں تقریباً ایک لاکھ سیاحوں نے کشمیر کا دورہ کیا اور یہاں کے دلفریب نظاروں کا لطف اٹھایا۔
(یو این آئی)