جموں مسلم یونائٹیڈ فورم کے زیر اہتمام جموں میں منعقد اجلاس میں تمام مسلم تنظیموں نے وسیم رضوی کی اس حرکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد مسلمانوں کو مشتعل کرنا اور اسلاموفوبیا ایجنڈے کو آگے بڑھانا ہے جو سراسر اسلام دشمنی اور نفرت و حقارت پر مبنی ہے۔
اجلاس میں کہا گیا کہ قرآن کریم حضرت حق جل مجدہ کی نازل کردہ آخری آسمانی کتاب ہے اور اس پر پوری دنیا کی تمام فرقوں کے مسلمانوں کا مکمل اتفاق ہے کہ قرآن کریم اپنی نازل شدہ صورت میں پوری دنیا میں موجود ہے اور تا قیام قیامت باقی رہے گا۔
قرآن کریم کی کسی آیت میں تبدیلی، ترمیم اور تنسیخ کا سوچنا تو دور اس کے ایک زیر و زبر اور ایک نقطہ تک میں ترمیم کی قطعی گنجائش نہیں ہےاور اس میں تبدیلی یا تنسیخ کسی بھی انسان یا ایجنسی کے دائرے اختیار سے باہر ہے۔
علماء نے کہا کہ وسیم رضوی کی یہ حرکت صرف پبلسٹی اور شہرت اور ذاتی سیاسی مفادات حاصل کر کے حکومتی ایوانوں تک پہنچنے کی ایک مذموم کوشش ہے۔ قرآن کریم کسی کے خلاف تشدد یا نفرت کی تعلیم نہیں دیتا ہے بلکہ یہ ایک ایسا سرچشمہ ہے جو انسانیت، محبت، اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے۔
علما نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ رضوی کی اس ناپاک حرکت پر تشدد کا مظاہرہ نہ کریں، جس کی وجہ سے وہ اور ان کے آقا اپنے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے بارے میں توقع کر رہے ہیں اس کے بجائے مسلمان قرآن مجید کی روح اور پیغام کو سمجھ کر اس کی تعلیمات پر عمل کرنے کا عہد کریں۔