جموں (جموں کشمیر) : جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے تیر انداز شیتل دیوی اور راکیش کمار کے ساتھ خصوصی ملاقات کی۔ ایل جی آفس کے آفیشل فیس بک پیج پر اس کی جانکاری دیتے ہوئے کہا گیا کہ لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر کے کم عمر پیرا آرچرز - شیتل دیوی اور راکیش کمار - جنہوں نے ایشین پیرا گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، کو ایل جی نے مبارک باد پیش کی۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے تیر اندازوں، کوچ ابھیلاشا چودھری کو سرٹیفکیٹ آف ایکسی لینس سے نوازا اور امید ظاہر کی کہ ان کی کاوشوں سے کھیل کود کی سرگرمیاں مزید بلندیوں تک پہنچ جائیں گی۔ ایل جی سنہا نے ’’شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کی کاوشوں‘‘ کی بھی سراہنا کی جو ’’یونین ٹیریٹری جموں کشمیر میں کھیلوں کے فروغ میں قابل ذکر خدمات انجام دے رہا ہے۔‘‘
مزید پڑھیں: تین تمغے جیتنے والی تیر انداز شیتل دیوی کی جموں و کشمیر آمد، شاندار استقبال
قابل ذکر ہے کہ صوبہ جموں کے پہاڑی ضلع کشتواڑ کے ایک پسماندہ اور دور دراز علاقہ چھاترو سے تعلق رکھنے والی دونوں بازؤوں سے محروم 16 سالہ شیتل دیوی نے ایشین گیمز میں طلائی تمغہ جبکہ راکیش کمار نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ دونوں تیر اندازوں کی ملک بھر میں پذیرائی کی گئی خاص طور پر دونوں بازؤوں سے محروم شیتل دیوی کو وزیر اعظم نریندر مودی، ایل جی منوج سنہا سمیت دیگر ہستیوں کی جانب سے پذیرائی حاصل ہوئی۔ وہیں گزشتہ دنوں ضلع کشتواڑ کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر دیوانش یادو بھی شیتل دیوی کے والدین کو مبارک باد دینے ان کے آبائی علاقہ چھاترو پہنچے تھے۔