جموں: جموں وکشمیر کی سرمائی دارالحکومت جموں کے بٹھنڈی علاقے میں پولیس نے پانچ افراد کی گرفتاری عمل میں لا کر اُن کے قبضے سے 2کروڑ 20لاکھ روپیہ جعلی کرنسی کے نوٹ برآمد کیے۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سنیچر کے روز پولیس نے ایک گاڑی کو روک کر اُس کی تلاشی لی جس دوران گاڑی سے پانچ لاکھ نقدی اور 2 کروڑ 20 لاکھ روپیہ کی نقلی کرنسی برآمد کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ گاڑی میں سوار پانچ افراد کو حراست میں لیا گیا جن کی بعد میں شناخت نذیر احمد ساکن برزلہ سرینگر، ریاض احمد ولد عبدالغنی ساکن پلوامہ ، محمد نعیم اللہ ولد محمد ظہر الحق ساکن دوارکا دہلی ، منظور احمد ولد غلام محمد ساکن نشاط سرینگر اور باسط ولد غلام حسین ساکن شوپیاں کے بطور ہوئی ہے۔
پولیس نے گرفتار افراد کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر 71/2023 درج کی ہے اور مزید تفتیش شروع کی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شدگان سے پوچھ گچھ جاری ہے اور مزید گرفتاریوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔
(یو این آئی)