جموں: جموں میں ڈینگی کے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔ اسی معاملے میں گورنمنت ہسپتال گاندھی نگر جموں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر پروین یوگراج نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ پندرہ روز تک ایسے ہی کیسز آتے رہیں گے۔ اس کے بعد ڈینگی کی وباء کم ہو جائے گی۔ محکمہ صحت سے موصولہ اعداد و شمار کے مطابق کل 746 افراد ڈینگی کی علامات کے ساتھ معائنہ کے لیے آئے ہیں۔ جن میں سے کل 122 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی جن میں 14 بچے اور 35 خواتین شامل ہیں۔
جموں ضلع میں سب سے زیادہ 79 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ سانبہ میں سات، کٹھوعہ میں 15، ادھم پور میں 11، راجوری، پونچھ اور ڈوڈہ میں ایک ایک اور رامبن میں پانچ کیس رپورٹ ہوئے۔ کشمیر میں بھی دو کیس رپورٹ ہوئے۔ اب تک رپورٹ ہونے والے کل کیسز میں سے 2634 کیس جموں ضلع سے آئے ہیں جبکہ 260 کیس سانبہ، 307 کٹھوعہ، 477 ادھم پور، 41 ریاسی، 74 راجوری، 25 پونچھ، 30 ڈوڈا، 45 رامبن، چار کشتواڑ، 21 کشمیر اور دیگر سے 29 معاملات آئے ہیں۔
مزید پڑھیں: جموں کے مختلف علاقوں میں ڈینگی کے کیسز میں تشویشناک اضافہ
اعداد و شمار کے مطابق اب تک صرف 1273 مریض اسپتالوں میں داخل ہوئے ہیں۔ ان میں سے 1149 کو ڈسچارج کر دیا گیا ہے جبکہ 89 ابھی بھی زیر علاج ہیں۔ چار مریض دم توڑ چکے ہیں اور 31 علاج کے دوران ہسپتالوں سے رخصت ہو چکے ہیں۔ ڈاکٹر پروین یوگراج کا کہنا ہے کہ دو دن کی بارش کے بعد دھوپ بھی ڈینگی کے لیے خطرناک ہے۔ اس سے مچھر پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ دنوں تک ڈینگی کے کیسز آتے رہیں گے۔ تاہم ٹیسٹ کروانے والوں کی تعداد پہلے کے مقابلے میں کم ہوئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ دو ہفتوں میں درجہ حرارت میں کمی سے ڈینگی کے کیسز میں بھی کمی آئے گی۔ اور لوگوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی۔