مرکز کے زیر انتظام جموں کشمیر کے صوبہ جموں میں آج ڈوگرہ فرنٹ کے کارکنوں نے پارٹی صدر اشوک گپتا کی صدارت میں رانی پارک علاقے سے پریڈ گراونڈ تک ایک احتجاجی ریلی نکالی۔
احتجاج میں شامل ڈوگرہ فرنٹ کے کارکنوں نے سابقہ ریاست جموں کشمیر کے مہاراجہ ہری سنگھ کے نام پر چھٹی کا اعلان کرنے کے حق میں نعرے بازی کی۔
ڈوگرہ فرنٹ کے صدر اشوک گھپتا نے احتجاج کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مہاراجہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش پر سرکاری کیلینڈر میں چھٹی کا اعلان کرنا وقت کی ضرورت ہے کیونکہ مہاراجہ نے جموں کشمیر کی خوشحالی اور ترقی کے لئے کافی قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے شاما پرساد مکھرجی کی یوم پیدائش پر بھی سرکاری چھٹی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا ہندوستانیوں کو جموں کشمیر میں داخل ہونے سے روکا جارہا تھا لیکن مکھرجی نے قوم دشمن طاقتوں کے ساتھ لڑ کر لوگوں کو اپنا حق دلایا۔
انہوں نے کہا ایسے قوم پریستوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے یوم پیدائش پر سرکاری چھٹی کا اعلان ہونا چاہئے۔