جموں میں انتظامیہ نے کورونا وائرس کے بڑھتے معاملات کو کم کرنے کے لئے تجارت پیشہ افراد سے چند روز قبل تعاون طلب کیا تھا۔
جموں کے ویئر ہاؤس - جو کہ جموں میں اناج کی سب سے بڑی منڈی ہے - کی ایسوسی ایشن نے رضاکارانہ طور پر منڈی کو ویک اینڈ پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہیں عام ایام میں بھی منڈی کو صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک ہی کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے صدر دیپک گپتا نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’جموں کشمیر میں عالمی وبا کورونا وائرس کے مثبت معاملات میں اضافہ کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسو سی ایشن نے ہفتہ اور اتوار کو منڈی بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘
منڈی بند رہنے سے مزدوروں کو ہونے والے نقصان سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایسو سی ایشن کی جانب سے مزدوروں کو تنخواہ دی جاتی ہے اور منڈی بند رہنے کے باوجود انکی تنخواہ میں کمی نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ منڈی کو بند رکھنے کا فیصلہ رضاکارانہ طور لیا گیا ہے۔
ملک کے دیگر حصوں کی طرح جموں و کشمیر میں بھی کورونا کے مثبت کیسز میں بے تحاشہ اضافہ ہو رہا ہے، گزشتہ کل کورونا کے 1937 کیسز درج کیے گئے وہیں اس موذی وائرس کے سبب 19اموات بھی درج کی گئیں۔