جموں: جموں بھگوتی نگر میں واقع یاتری نواسن بیس کیمپ جموں سے غیر معمولی حفاظتی انتظامات کے درمیان امرناتھ یاتریوں کا پہلا قافلہ جمعہ کی علی الصبح وادی کشمیر کی طرف روانہ ہوا۔ اس دوران عقیدت مندوں نے بم بم بولے، ہر ہر مہادیو، جے با با برفانی اور جے شری رام کے نعرے بلند کئے۔ وادی میں دو ماہ تک جاری رہنے والی سالانہ امرناتھ یاترا کا باقاعدہ آغاز ہفتہ کے روز یاتریوں کی ننون پہلگام اور بال تل بیس کیمپوں سے جنوبی کشمیر میں سطح سمندر سے 13 ہزار 500 فٹ بلندی پر واقع امرناتھ گپھا کی طرف روانگی کے ساتھ ہوگا۔ سالانہ امرناتھ یاترا 31 اگست کو خصوصی پوجا کے ساتھ اختتام پذیر ہوگی۔
واضح رہے کہ جنوبی کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام سے قریب 40 کلو میٹر دور پہاڑی گپھا میں بھگوان شو سے منسوب برفانی عکس (شیولنگ) کے درشن کے لئے ہر سال لاکھوں کی تعداد میں شردھالو کشمیر آتے ہیں۔ جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے جمعہ کی علی الصبح یاتری نواسن بیس کیمپ جموں سے یاتریوں کے پہلے قافلے کو جھنڈی دکھا کر وادی کی طرف روانہ کیا۔ اس موقع پر سینئر سول و پولیس عہدیداروں کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی موجود تھے۔
سرکاری ذرائع نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ سخت ترین حفاظتی انتظامات کے درمیان 3294 یاتریوں پر مشتمل پہلا قافلہ جمعہ کی علی الصبح وادی کے لئے روانہ ہوا۔ یاتری گاڑیوں میں سوار ہوکر بال تل بیس کیمپ اور پہلگام کی طرف روانہ ہوئے۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ یاترا قافلے کی نگرانی کا کام سپیشل بائیکرس سکواڈ اور سی آر پی ایف کی کوئیک ایکشن ٹیمیں کریں گی۔ انہوں نے بتایاکہ سیکورٹی فورسز کی متعدد بلڈ پروف گاڑیاں بھی یاتریوں کے قافلے کے ساتھ وادی کے لئے روانہ ہوئی ہیں۔ یاتریوں کی مدد اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لئے موٹر سائیکل سکواڈ کو بھی تشکیل دیا گیا ہے۔
امرناتھ یاترا کے بہتر انعقاد کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے گئے ہیں۔ جموں سے امرناتھ یاترا شروع ہوچکی ہے۔ جموں، کشمیر ہائی وے اور کشمیر میں تمام انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ یاتریوں کو کسی بھی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
قابل ذکر ہے کہ سیکورٹی اداروں نے امرناتھ یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ریڈیو فریکوئنسی آئیڈنٹی فیکیشن (آر ایف آئی ڈی) ٹیگنگ اور بار کوڈ ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کردیا ہے۔ آر ایف آئی ڈی ٹیگنگ اور بار کوڈنگ کا مقصد یاتریوں اور ان کی گاڑیوں کی لوکیشن کی ہمہ وقت مانیٹرنگ کو یقینی بنانا ہے۔ یاتریوں کے پہلے قافلے کی وادی روانگی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں موجود بی جے ہی کے سینئر رہنما دیویندر سنگھ رانا نے کہا کہ جموں وکشمیر کے لوگ امرناتھ یاتریوں کی خدمت میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر برس کی طرح اس بار بھی ہم نے یاتریوں کا شاندار استقبال کیا ہے اور آئندہ بھی ان کا استقبال کرتے رہیں گے۔ ہمیں یقین ہے کہ اس بار بھی یاترا کامیاب ثابت ہوگی۔ جموں وکشمیر کے لوگوں نے ہمیشہ یاتریوں کی مہمان نوازی کی ہے۔ وہ اس بار بھی مہمان نوازی میں پیچھے نہیں رہیں گے۔ ریاست میں سب لوگ چاہتے ہیں کہ یاترا کامیاب ثابت ہو اور زیادہ سے زیادہ لوگ اس یاترا میں شامل ہوں۔
پہلے قافلے کا حصہ بن کر وادی کی طرف روانہ ہونے والے یاتریوں نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ انتظامیہ نے ہمارے لئے بہت اچھے انتظامات کر رکھے ہیں۔ گاڑیوں میں چپ بھی نصب کئے گئے ہیں۔ اگر کوئی گاڑی اپنی راہ بھٹک جاتی ہے تو سیکورٹی فورسز کو فوراً اس کی لوکیشن معلوم ہوگی۔ یاترا قافلے کے ساتھ فورسز کی بھاری نفری کے علاوہ ایمبولنس اور موٹر سائیکل سکواڈ کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔ ایک خاتون یاتری کا کہنا تھا میری ہمیشہ کوشش رہتی ہے کہ میں پہلے جھتے کا حصہ بن کر پوتر گپھا کا درشن کروں۔ پہلے جھتے کا جوش و خروش الگ ہی ہوتا ہے۔ پہلی بار امرناتھ یاترا پر آنے والے ایک یاتری نے نے بتایاکہ میں پہلی بار یاترا کے لئے آیا ہوں۔ میرا حوصلہ ساتویں آسمان پر ہے۔ ریاستی حکومت نے یاتریوں کے لئے تمام تر انتظامات کئے ہیں۔
مزید پڑھیں: Amarnath Yatra 2023 امرناتھ یاترا کا جمعہ کی صبح سے آغاز، یاترا کے دوران ان چیزوں کا خیال ضرور رکھیں
دریں اثنا سیکورٹی اداروں نے سالانہ امرناتھ یاترا کے سلسلے میں سیکورٹی کے مثالی انتظامات کئے ہیں۔ یاتریوں کی گاڑیوں پر آر ایف آئی ڈی ٹریکنگ چپ نصب کئے جارہے ہیں، جن کی مدد سے ان کی لوکیشن کا پتہ لگایا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ یاترا راستوں بالخصوص کشمیر شاہراہ پر یاتریوں کے قافلوں کی مصنوعی سیاروں اور ڈرون کیمروں کے ذریعہ نگرانی کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ یاتریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے بھرپور استعمال کے علاوہ جموں وکشمیر کا گیٹ وے کہلائے جانے والے 'لکھن پور' سے لیکر امرناتھ گپھا تک ہزاروں کی تعداد میں سیکورٹی فورس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ یاترا کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے یاترا روٹوں پر سینکڑوں کی تعداد میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں سیکورٹی فورسز کی کم از کم 200 کمپنیاں کام پر لگادی گئی ہیں۔ ہر کمپنی کم از کم ایک سو اہلکاروں پر مشتمل ہے۔