جموں کشمیر پولیس نے 14 فروری کو بس اسٹینڈ پر طاقتور دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈی) رکھنے کے لئے نوجوانوں کو اکسانے کے معاملہ میں البدر کے ایک معاون کو گرفتار کیا ہے۔
جموں خطہ کے انسپکٹر جنرل پولیس مکیش سنگھ نے بتایا 'پلوامہ میں نیہما کے بٹ باغ ہنی پورہ کے باشندے راہ حسین بٹ کو گرفتار کیا گیا ہے۔ بٹ کے خلاف بس اسٹینڈ تھانہ میں متعلقہ دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے'۔
انہوں نے بتایا 'وہ البدر تنظیم کا ایک معاون تھا اور نئے بھرتی ہوئے نوجوانوں کو اکساکر واردات کو انجام دیتا رہا ہے۔ وہ انہیں سازوسامان بھی مہیا کراتا رہا ہے'۔
مسٹر سنگھ نے بتایا کہ جموں میں آئی ای ڈی دھماکہ کی سازش رچنے کے دوران وہ پاکستان میں بیٹھے عسکریت پسندوں سے براہ راست رابطے میں تھا۔
یہ بھی پڑھیے
جموں و کشمیر: ٹرانسپورٹرس نے بدھ سے غیر معینہ مدت تک ہڑتال کی کال دی
عسکریت پسندوں کی جانب سے 14 فروری 2019 کو پلوامہ میں ہوئے شدید حملے کی ہی طرح اس سال بھی بڑا حملہ کرنے کے مقصد سے جموں بس اڈے پر آئی ای ڈی رکھا گیا تھا۔ خفیہ ایجنسیوں اور سیکیورٹی فورسز کی چوکسی سے دھماکہ ہونے سے پہلے ہی آئی ای ڈی برآمد کرلیا گیا۔