جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ کے ہری نگر سیکٹر میں پاکستان نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کو جنگ بندی کی خلاف ورزی کی اور مناری گاؤں کے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان کی جانب سے گولہ باری میں ایک خاتون کو گولی لگنے سے شدید چوٹیں آئیں جب ان کے گھر میں مارٹر پھٹ گیا۔ گولہ باری کے دوران کئی دیگر مکانات کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔
ذرائع کے مطابق زخمی خاتون کی شناخت نشا دیوی کے طور پر ہوئی ہے۔ مذکورہ خاتون کو کٹھوعہ اسپتال داخل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں جموں کے گورنمنٹ میڈیکل کالج منتقل کر دیا گیا۔
ایل او سی پر تعینات بھارتی افواج نے بھی پاکستان کی اس کارروائی کا سخت جواب دیا ہے۔
دریں اثنا طرفین کے درمیان گولہ باری کے تبادلے کے نتیجے میں سرحدی علاقے کے لوگوں میں خوف و دہشت پھیل گیا ہے اور انہیں رات زیر زمین بنکروں میں گزارنی پڑی۔
بتادیں کہ دونوں ممالک کے درمیان سال 2003 میں جنگ بندی معاہدہ طے پانے اور گذشتہ قریب ایک سال سے جاری کورونا وبا کے باوجود بھی جموں و کشمیر کی سرحدوں پر گولہ باری کے تبادلے کا سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری ہے۔
جموں و کشمیر کی سرحدوں پر طرفین کے درمیان گذشتہ تین برسوں کے دوران زائد از ساڑھے آٹھ ہزار بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
وزارت امور داخلہ نے جموں کے ایک کارکن کی طرف سے دائر ایک آر ٹی آئی کے جواب میں انکشاف کیا ہے کہ یکم جنوری 2018 سے سال رواں کے ماہ جولائی تک جموں و کشمیر میں سرحدوں پر پاکستان نے 8 ہزار 5 سو 71 بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔