انہوں نے کہا کہ دونوں نے میٹنگ کا پورا شیڈول تیار کیا ہوا تھا کہ ان کے ہاتھوں میں بستر گول کرنے کا پروانہ تھمایا گیا۔بتادیں کہ جموں وکشمیر کے پہلے لیفٹیننٹ گورنر گریش چندرا مرمو کے استعفیٰ کو منظور کر کے منوج سنہا کو یونین ٹریٹری کا نیا لیفٹیننٹ گورنر مقرر کیا گیا ہے۔
جبکہ سابق ریاست جموں و کشمیر کے آخری گورنر ستیہ پال ملک کو سال گذشتہ 30 اکتوبر کو اس وقت اچانک ہٹایا گیا تھا جب وہ اپنے کام کے ساتھ مصروف تھے۔
عمر عبداللہ نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: 'عجب اتفاق ہے کہ دونوں ریاست جموں وکشمیر کے آخری گورنر اور جموں وکشمیر یونین ٹریٹری کے پہلے لیفٹیننٹ گورنر کو اس وقت عہدوں سے ہٹایا گیا جب انہیں اس کی کوئی توقع ہی نہیں تھیں۔ دونوں نے اپنا شیڈول بنایا ہوا تھا کہ انہیں بستر گول کرنے کو کہا گیا'۔
قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر کے پہلے لیفٹیننٹ گورنر گریش چندرا مرمو نے بدھ کے روز اچانک اس وقت اپنا استعفیٰ پیش کیا جب وہ دلی کے صحافیوں سے ملاقات کرنے والے تھے۔گریش چندرا مرمو کے اچانک مستعفی ہونے کے بعد اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اور سابق مرکزی وزیر منوج سنہا کو اس یونین ٹریٹری کا نیا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔