بی جے پی کے سینیئر لیڈر اور سابق وزیر منوج سنہا کو مرکز کی مودی حکومت نے ایک حیران کن فیصلے کے تحت گریش چندر مرمو کی جگہ جموں و کشمیر کا نیا لیفٹیننٹ گورنر تعینات کیا ہے۔
بدھ کو اچانک مرمو نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے کر سیاسی اور عوامی حلقوں کو حیران کرکے رکھ دیا۔ مرمو اس عہدے پر نو ماہ فائز رہے۔
انہوں نے گزشتہ برس 31 اکتوبر کو جموں و کشمیر کے پہلے ایل جی کے بطور حلف لیا تھا۔ مرمو گزشتہ 9 ماہ سے اس عہدے پر فائز رہے جس دوران سیول سیکریٹریٹ میں بیوروکریسی دو خیموں میں منقسم ہوگئی، جہاں بیشتر افسران چیف سیکریٹری بی وی آر سبرامانیم کے خیمے میں تھے۔
وہیں چند افسران مرمو کی حمایت کر رہے تھے جس کے سبب وادی کے کئی سیاسی لیڈران خاص کر اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری اور سابق وزیر غلام حسن میر نے کہا تھا کہ منقسم بیوروکریسی کی وجہ سے جموں و کشمیر میں عوامی سطح کے کام پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سنہا جموں و کشمیر کی منجمد سیاست اور سرکاری امور کو بحال کرنے کی کوشش کریں گے۔ سنہا جموں و کشمیر کے دوسرے لیفٹیننٹ گورنر ہوں گے۔