تقریباً 434 کلومیٹر طویل سرینگر- لیہہ شاہراہ کے زوجیلا پاس کے مقام پر تازہ برفباری اور پھسلن پیدا ہونے کی وجہ سے شاہراہ عارضی طور پر نقل و حمل کے لئے بند کر دی گئی ہے۔
عہدیدار نے بتایا کہ مینمرگ اور سونمرگ، زوجیلا، زیرو پوائنٹ پر تازہ برفباری ہونے کے سبب پیر کو شاہراہ پر ٹریفک عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔ یہ فیصلہ کسی بھی حادثے سے بچنے کے لیے احتیاطی اقدام کے طور پر لیا گیا ہے اور اس دوران کسی بھی طرف سے کسی بھی گاڑی کو جانے کی اجازت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ دریں اثنا، زوجیلا پاس پر مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے ٹرک اور مسافروں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا۔
واضح رہے کہ یہ شاہراہ، لداخ کو کشمیر سے ملانے والی واحد سڑک ہے جو ہر برس یکم نومبر سے درجۂ حرارت کم اور برف جمع ہونے کی وجہ سے سردیوں کے دوران چھ ماہ تک بند رہتی تھی۔ تاہم پچھلے کچھ عرصے سے مقامی انتظامیہ اور بی آر او کی کوششوں کی وجہ سے دسمبر کے مہینے میں بھی ہائی وے کھلا رہتا ہے۔
اس سے قبل کشمیر صوبے کے ڈویژنل کمشنر موسم سرما کے مہینوں میں اس شاہراہ کو بند کرنے کا فیصلہ لے رہے تھے۔ تاہم اب لداخ مرکز کا زیر انتظام بن گیا ہے لہذا شاہراہ کو بند یا دوبارہ کھولنے کا فیصلہ یوٹی لداخ اور کشمیر میں انتظامیہ کو کرنا پڑے گا۔