وادی گریز میں شمس کرکٹ کلب مرکوٹ کے زیر اہتمام سُنو کرکٹ ٹورنامنٹ آج مرکوٹ کرکٹ اسٹیڈیم میں اختتام پذیر ہوا۔
اس ٹورنامنٹ میں کمانڈنگ آفیسر 9 راجپوت، بی ڈی سی چیئرمین گریز فہمیدہ بیگم اور سب ڈویژنل پولیس آفیسر گریز پیرزادہ اعجاز نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے فائنل میچ کی ٹرافیز تقسیم کیں۔
ٹورنامنٹ کا فائنل میچ مرکوٹ 11 اور چرون 11 کے مابین کھیلا گیا جو شدید برفباری کی وجہ سے مکمل نہ ہوا اور دونوں ٹیموں کو برابر انعام تقسیم کیے گیے۔
واضح رہے کہ موسم سرما کے کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے اعلی حکام اور بیرونی دنیا کی توجہ مبذول کروانے کے لئے دور دراز کی وادی گریز کے نوجوانوں نے گریز علاقے میں برف کے میدان پر اس سُنو کرکٹ ٹورنامنٹ کا اہتمام کیا تھا۔
وادی گریز لائن آف کنٹرول پر واقع ہے۔ موسم سرما کے دوران شدید برفباری اور بانڈی پورہ - گریز روڈ کے بند ہونے کی وجہ سے گریز، وادی کے باقی حصوں اور بیرونی دنیا سے چھ مہینوں تک منقطع رہتا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔