جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کو راست وادی کشمیر سے جوڑنے اور جموں و کشمیر قومی شاہراہ کا متبادل مانی جانے والی تاریخی مغل شاہراہ پر سے برف ہٹانے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔
مغل روڈ ڈپارٹمنٹ اور میکانیکل ڈپارٹمنٹ نے مغل شاہراہ پر مشنری لگا کر برف ہٹانے کا کام شروع کردیا ہے۔ اس سال بے تحاشہ برفباری ہونے کی وجہ روڈ پر ہیر پورہ علاقے میں 4 فٹ برف جمع ہے جبکہ دبجن علاقے میں 6 اور پیر کی گلی میں 9 فٹ برف جمع ہے۔
ڈپٹی کمشنر شوپیان چودھری محمد یاسین نے آج خود مغل روڈ کا دورہ کیا اور برف ہٹانے کے کام کا جائزہ لیا۔ اس دوران ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ شوپیان کی طرف سے پیر کی گلی تک راستہ جلدہی صاف کیا جائے گا اور جلد ہی روڈ پر ٹریفک کی آمد رفت بحال کردی جائیگی۔
ضلع شوپیان کو خطہ جموں سے جوڑنے والا تاریخی مغل روڈ ایک واحد متبادل راستہ ہے۔84 کلومیٹر لمبی یہ شاہراہ سرینگر جموں قومی شاہراہ کے بعد ایک واحد شاہراہ ہے جو وادی کشمیر کو ملک کی باقی ریاستوں سے ملاتی ہے۔ مغل روڈ جموں و کشمیر کی سب سے زیادہ دلکش اور دلفریب شاہراہوں میں سے ایک ہے
واضح رہے کہ مغل روڈ کو 10 دسمبر کو شدید برفباری کی وجہ سے بند کر دیا گیا تھا۔