وادی کشمیر میں برفباری کے سبب جہاں وادی کا بیرون دنیا سے فضائی و زمینی رابطہ چوتھے روز بھی منقطع رہا۔ وہیں وادی کے بیشتر علاقے اپنے اپنے ضلع ہیڈ کوارٹروں سے مسلسل منقطع ہیں۔
جنوبی کشمیر کے بجبہاڑہ علاقے میں میونسپل کمیٹی نے اگرچہ دن بھر ضلع کی اہم رابطہ سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام جاری رکھا، وہیں میونسپل عملے کی جانب سے گلی کوچوں میں بھی برف ہٹانے کا کام دن بھر جاری رہا۔
عوام کے لیے رابطہ سڑک کو قابل آمدورفت بنانے کے لیے میونسپل کیمٹی سے وابستہ اہلکار سڑک سے برف ہٹانے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
ادھر کمیٹی سے وابستہ آفیسر نے کہا کہ ہم دیررات تک سب گلی کوچوں سے برف ہٹائیں گے تاکہ لوگوں کو کسی قسم کی مشکلات سے دوچار نہ ہونا پڑے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے اگرچہ رابطہ سڑکوں سے پہلے ہی برف ہٹائی گئی تھی لیکن لنک روڈز پر برف نہ ہٹانے کے سبب گلی کوچوں میں پھسلن پیدا ہو گئی ہے اور لوگ گھروں میں ہی محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
لوگوں نے انتظامیہ سے بجلی کی بحالی کو جلد یقینی بنائے جانے سے متعلق ٹھوس اقدامات اٹھائے جانے کی بھی اپیل کی ہے۔