کرائم برانچ نے یہ کارروائی مہندر کمار ولد انیک رام ساکن شامہ چک جموں کی طرف سے دی گئی تحریری شکایت پر کی۔
شکایت میں الزام عائد کیا گیا تھاکہ ملزم نے خود کو فوجی کرنل بتا کر بےروزگار نوجوانوں سے پیسے بٹورنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور وہ ہر ایک نوجوان سے بھارتی فوج میں ملازمت کے جعلی حکمنامے جاری کرکے دو سے پانچ لاکھ کی رقم وصول کر رہا ہے۔
شکایت کے مطابق جعلی آرمی افسر نے شکایت کنندہ کو باورچی کی نوکری دلانے کی یقین دہانی کرکے اس سے پیسے وصول کئے اور پانچ ماہ سے زائد عرصہ تک اس کے گھر میں کام کروایا لیکن اس کے بدلے میں ایک بھی پیسہ نہیں دیا اور نہ ہی اس کا دیا ہوا پیسہ واپس کیا۔
اس شکایت پر کرائم برانچ کی طرف سے ابتدائی تحقیقات عمل میں لائی گئی جس دوران یہ پایاگیاکہ کلویندر سنگھ اپنے دیگر ساتھیوں کی مدد سے جعلسازی کے ذریعہ نوجوانوں سے رقم لیکر ان میں فرضی حکمنامہ تقسیم کر رہاہے۔
تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ابتدا میں اس جعلی آرمی کرنل نے اپنا دفتر پلوڑہ جموں میں کھولا جسے بعد میں مٹھی، جموں میں منتقل کیا گیا اور اب اس کا دفتر جانی پورہ میں بھی ہے۔
مذکورہ شخص آرمی کی وردی پہن کر نوجوانوں کو چونا لگاتا رہا اور اپنے ایک رشتہ دار کی مدد سے نوجوانوں میں فرضی آرڈر بھی بانٹتا رہا ہے۔
تحریری شکایت کے بعد ملزم کے کرایہ کے دفاتر پر چھاپے مار کر ملزم سے فوجی وردی، لیپ ٹاپ، موبائل، آرمی ریکروٹمنٹ کارڈ وغیرہ برآمد کئے اور اسے اس کے ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیاگیا اور ملزمان سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔