اونتی پورہ: مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے اونتی پورہ کے جوبیارہ میں ناقص نکاسی نظام کی وجہ سے محلے کے مختلف حصوں میں پانی جما ہونے سے عام لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ کئی مرتبہ اس جانب انتظامیہ کی توجہ مبذول کرانے کی کوشش کی گئی لیکن اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔
ذرائع کے مطابق اونتی پور ہ کے نزدیک واقع جوبیارہ میں پرانی قومی شاہراہ پر بارش کا پانی جمع ہونے سے سڑکیں اور مکانات زیرآب آگئی ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق جب بھی بارش ہوتی ہے تو ان کے لیے نئی مصیبتیں کھڑی ہو جاتی ہیں کیونکہ علاقے میں ڈرینیج سسٹم نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ نکاسی نظام نہیں ہونے کی وجہ سے بارش کا پانی سڑکوں پر بھر جاتا ہے۔ مختلف مقامات پر پانی گھروں اور دکانوں کے اندر بھی چلا جاتا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ یہاں اگرچہ ڈرین تعمیر کئی برس قبل تعمیر کی گئی تھی۔ وہ اب ڈرین بند ہو چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:Rain In Jammu جموں میں مسلسل بارش کے سبب عام زندگی مفلوج
ان کا کہنا ہے کہ پلوامہ ضلع ترقیاتی کمشنر سے اس معاملے میں مداخلت کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ جوبیارہ کے باشندوں کو ناقص نکاسی نظام سے کب تک چھٹکارا ملتا ہے۔