جموں وکشمیر بینک انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ جموں وکشمیر کے تمام علاقے شہری آبادی اور دور دراز کے علاقوں میں ہر جگہ پر بینک شاخ قائم کرکے لوگوں کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہے۔
بینک کے یہ دعوے زمینی سطح پر کھوکھلے ہیں۔ ایسی ہی ایک جگہ گاندربل ضلع میں کلن ہے جہاں عام لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ اس علاقے کی آبادی ہزاروں کنبوں پر مشتمل ہے جہاں لوگوں کو بینک نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ جس کے بعد لوگوں کی طرف سے بینک حکام کی نوٹس میں یہ معاملہ لایا گیا اور آخر کار اس علاقے میں جے کے بینک حکام نے ایک شاخ کو کھولا، جس کی وجہ سے لوگوں نے راحت کی سانس لی تھی۔ حتیٰ کہ اے ٹی ایم کے لئے جگہ متعین کر لی گئی لیکن اچانک اس کو بند کیا گیا۔
اس بارے میں مزید جانکاری کے لئے جب افسران سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ اس شاخ میں اسٹاف کی کمی ہے۔ جس کی وجہ سے اس کو فی الحال بند کرنا پڑا، چونکہ اس اہم معاملے کو لے کر بار بار بینک افسران کے پاس جانے کے باوجود صرف یقین دہانی ملتی ہے۔ جبکہ زمینی سطح پر کچھ بھی نہیں کیا جارہا ہے۔
ان لوگوں نے نمائندے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آج بھی پرانے زمانے کی طرح کنگن یا گنڈ شاخوں پر جاکر اپنا کام کرنا پڑتا ہے۔ جس کی وجہ سے ہمیں خاص کر بزرگوں کو جن کو پینشن کو لے کر کیش لینا پڑتا ہے، مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے بینک کے اعلیٰ حکام خاص کر ضلع انتظامیہ گاندربل سے اپیل کی ہے کہ اس معاملے کی طرف دھیان دیں۔ جس سے آسانی پیدا ہو۔