پاکستانی فوج نے صبح راجوری سیکٹر میں چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی اور مورٹار سے گولے داغے۔ اس دوران فوج کا ایک جوان گولی لگنے سے زخمی ہوگیا جسے فوراً اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی فوج نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے پاکستان کو منہ توڑ جواب دیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گیارہ اکتوبر کو پاکستان نے پونچھ کے ڈیگوار علاقے میں بلااشتعال فائرنگ کرکے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی تھی۔ تین اکتوبر کو بھی پاکستان نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی اور جموں و کشمیر کے پونچھ اور کٹھوعہ ضلع میں کنٹرول لائن او ربین الاقوامی سرحد پر گاوں کو نشانہ بنایا۔
پاکستانی فوج نے پونچھ کے شاہ پور اور گوتریا علاقوں میں کنٹرول لائن کے ساتھ درجنوں گاوں اور آگے کی چوکیوں کو نشانہ بناتے ہوئے بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی اور مورٹار کے گولے داغے۔
اس دوران بین الاقوامی سرحد کے پار کٹھوعہ کے ہیرانگر سیکٹر میں بھی چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی۔ فوج اور بی ایس ایف نے پاکستان کی طرف سے سرحد پار سے کی جانے والی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا۔