عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ میں گزشتہ ایک دو روز سے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل انتخابات کے حوالے سے سیٹیں تقسیم کرنے کے معاملے کو لے کر سیاسی جماعتوں کے درمیان پیدا ہونے والی اندرونی تلخیاں دور ہوتی نظر آرہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز نیشنل کانفرنس کے سربراہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی کو آئندہ ہونے والے ڈی ڈی سی انتخابات میں منتخب کردہ نشستوں کا از خود انتخاب کرنے کا اختیار دے دیا ہے اور اس طرح سے گپکار اعلامیہ میں پیدا ہونے والے اندرونی اختلافات کے امکانات کو ختم کیا گیا۔
خیال رہے کہ ہونے والے ڈی ڈی سی انتخابات میں امیدواروں کی پہلی فہرست کے جاری کرنے پر سیٹ شیئرنگ کے معاہدے کے حوالے سے پی اے جی ڈی میں اندرونی طور پر اختلافات اور تلخیاں پیدا ہونے کے امکانات ظاہر کئے جارہے تھے۔ تاہم بعد میں ڈاکٹر فاروق عبد اللہ نے اجلاس طلب کیا اور اس سلسلے میں محبوبہ مفتی کو نشستیں منتخب کرنے کا اختیار دیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ ہفتے کے روز پی ڈی پی کے سابق سینئر رہنما مظفر حسین بیگ کے استعفیٰ دینے سے بھی اس بات کو منسلک کیا جارہا ہے کہ پی اے جی ڈی اتحاد میں کہیں نہ کہیں دوریاں پیدا ہوگئی تھیں۔
ذرائع کے مطابق محبوبہ مفتی بھی اس پیش رفت سے راضی ہوگئی ہیں۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کا مقصد ڈی ڈی سی انتخاب سے بڑھ کر جموں و کشمیر کے خصوصی درجے کی بحالی اور اس کے تشخص کے لئے کام کرنا ہے۔
ادھر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بھی گپکار اعلامیہ میں پیدا ہونے والے اندرونی اختلافات کی خبروں کو مسترد کیا ہے اور کہا ہے کہ پی اے جی ڈی کے درمیان سیٹ شیئرنگ کے معاملے میں سیاسی جماعتوں کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے بلکہ سب کچھ ٹھیک ہے۔