جنوبی کشمیر کے ترال سب ضلع میں دور افتادہ گجر آبادی میں رابطہ پل کی عدم دستیابی سے عوام کو زبردست مشکلات درپیش ہیں لیکن حکام کی اس اہم مسئلے کی طرف سرد مہری نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترال سے سترہ کلومیٹر دور بنگہ ڈار گترو نامی بستی جدید دور میں بھی رابطہ پل نہ ہونے سے بیرون دنیا سے کٹ کر رہ گئی ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق ان کو روزانہ کی بنیاد پر اپنی زندگی کو رواں دواں رکھنے کے لیے نالہ نارستان کو پار کر کے دوسرے گاؤں جانا پڑ رہا ہے جو کہ بارشوں کے بعد ناممکن ہوتا ہے کیونکہ رابطہ پل نہ ہونے سے آ بادی اپنے گھروں کے اندر محصور ہو کر رہ جاتی ہے۔
مقامی شہری فاروق احمد خان نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ 'اس خطرناک نالے کو پار کرنا ان کے لیے ایک مصیبت سے کم نہیں ہے کیونکہ نالے پر پل نہ ہونے سے اس بستی کو زبردست مشکلات درپیش ہیں۔'
فاروق کے مطابق 'اس معاملے کو لے کر انہوں نے آج تک حکام کو متعدد بار درخواست تو دی لیکن بے سود ثابت ہوئی۔ مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ سے اس ضمن میں مداخلت کی اپیل کی ہے۔'