پلوامہ: مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ترال میں نیشنل کانفرنس کے رہنما شیخ رشید نے کہا کہ ضلع میں مسلسل لوڈشیڈنگ کے سبب عام لوگوں کی پریشانیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ سب ضلع ترال میں بجلی کی ابتر صورت حال پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے لیڈر شیخ رشید ترالی نے کہا کہ علاقے میں بجلی کی ابتر صورتحال سے عوام کو گونا گوں مسائل کا سامنا ہے لیکن افسوس کا مقام ہے کہ عوامی مشکلات کے ازالے کے لیے محکمہ ٹھوس اقدامات کے بجائے زمینی جمع خرچ سے کام لے رہا ہے۔
شیخ رشید آج ای ٹی وی بھارت کے ساتھ ایک خصوصی بات چیت کر رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے بتایا کہ ترال علاقے میں بجلی کی غیر اعلانیہ تخفیف اور آنکھ مچولی سے صارفین کو دقتوں کا سامنا ہے جب کہ امتحانات کی تیاری کر رہے طلبہ، تاجر اور بیماروں کو زیادہ ہی مشکلات کا سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Protest In Mandi منڈی میں لاکھوں روپے کی "پلاسٹک بیلنگ مشین" زنگ آلودہ
انہوں نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ اگرچہ یہاں محکمہ بجلی نے ایک شیڈول مرتب کیا لیکن افسوس کا مقام ہے کہ محکمہ اپنے ہی شیڈول پر عمل درآمد کرنے میں ناکام نظر آرہا ہے جس کی وجہ سے شیڈول کی معتبریت پر سوال کھڑے ہوتے ہیں۔ شیخ رشید نے ایل جی انتظامیہ سے اپیل کی کہ ترال علاقے میں بجلی کی صورت حال میں بہتری لائی جائے۔