سرینگر میں راج بھون میں حلف برداری کی تقریب کے بعد چنندہ نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سنہا نے کہا جموں و کشمیر ہندوستان کی جنت اور اس کے سر کا تاج ہے-
انکا کہنا تھا: 'مجھے موقع دیا گیا ہے کہ میں یہاں اپنا رول ادا کروں- پانچ اگست ایک تاریخی دن ہے جس کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا- گزشتہ ایک برس میں یہاں تعمیر و ترقی ہوئی ہے اور میں اس کو آگے بڑھاؤں گا-'
جموں و کشمیر: منوج سنہا نے لفٹیننٹ گورنرکا حلف لیا
انکا مزید کہنا تھا کہ میرا کوئی مخصوص ایجنڈا نہیں ہے اور 'میرا فرض سب کو یکساں سمجھ کر لوگوں کی بہبود کے لیے کام کرنا ہے-'
سنہا کو جمعرات کو صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے منتخب کیا اور انہوں نے سابق بیوروکریٹ جی سی مرمو کی جگہ لی ہے-
سنہا ریاست اتر پردیش کے رہنے والے ہیں اور تین بار رکن پارلیمنٹ رہے ہیں- وہ بھاجپا کے سینئر لیڈر ہیں اور وزیر اعظم نریندر مودی اور امت شاہ کے قریبی مانے جاتے ہیں-
سنہا نے دوپہر کو سول سیکریٹریٹ میں اعلیٰ افسران کے ساتھ پہلی میٹنگ کی-