لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ مدثر علی کے اچانک انتقال پر انھیں گہرا صدمہ ہوا ہے۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا "نوجوان صحافی مدثر علی کا اچانک انتقال کرنا ایک بدقسمتی ہے اور ان کے لئے ایک غم ناک خبر ہے" انہوں نے مدثر علی کے لواحقین، دوستوں اور ساتھیوں کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
جموں و کشمیر حکومت کے ترجمان روہت کنسل نے ایک ٹویٹ میں کہا "نوجوان صحافی مدثر علی کے انتقال کی خبر سن کر بہت افسوس ہوا۔ سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔"
ادھر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبد اللہ ، نائب صدر عمر عبداللہ اور پارٹی رہنماؤں نے بھی سینئر صحافی کے اچانک انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ۔ نیشنل کانفرنس کے قائدین نے پارٹی کے ایک بیان کے مطابق غمزدہ کنبہ کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کیا ہے عمر عبداللہ نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ مدثر علی کی موت کی خبر سن کر وہ صدمے میں آگئے اور یہ ان کے لئے ذاتی طور پر ایک غم ناک خبر تھی ۔
انہوں نے مزید کہا " مدثر نے متعدد بار میرا انٹرویو کیا ہے اور متعدد بار پریس کانفرنسوں میں ان کے سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑا ہے وہ ایک محنتی رپورٹر تھا ہمیشہ شائستگی سے پیش آتا تھا لیکن کبھی بھی آسانی سے بات کو ماننے والوں میں نہیں تھا مدثر بہت یاد آئے گا" ۔
سابق وزیراعلیٰ اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے بھی مدثر علی کے انتقال پر ایک ٹویٹ کے ذریعے گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے انہوں نے کہا کہ ان کے لئے مدثر کے انتقال پر یقین کرنا مشکل ہے مدثر علی کی اچانک وفات سے انہیں صدمہ ہوا-
پیپلز کانفرنس کے چیئرمین اور سابق وزیر سجاد غنی لون نے کہا کہ مدثر علی گریٹر کشمیر میں ایک بہت ہی باصلاحیت صحافی تھے۔ انہوں نے کہا " مدثر کے ساتھ بہت بار بیٹھا ہوں ۔ میرے لئے یقین کرنا مشکل ہے کہ وہ اب نہیں رہے۔ لیکن زندگی اسی کا نام ہے۔ اللہ انہیں جنت عطا فرمائے۔"
سی پی آئی (ایم) کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے مدثر کے انتقال کو ناقابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اس خبر سے کافی دکھ ہوا ۔ جموں کشمیر پیپلز موومنٹ کے صدر اور سابق وزیر جاوید مصطفی میر نے بھی کہا کہ مدثر علی کی اچانک وفات سے وہ کافی مایوس ہیں۔
اپنی پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر نے بھی مدثر علی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے پارٹی کی جانب سے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہ وہ سوگوار خاندان کے ساتھ اس غم میں برابر کے شریک ہیں اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں
ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر شاہد اقبال چودھری نے بھی مدثر علی کے انتقال پر گہرے رنج و دکھ کا اظہار کیا ہے ۔ ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا "ناقابل یقین بات ہے کہ مدثر علی اب نہ رہے یہ جان کر میں پوری طرح حیران ہوں۔ ایک ذہین صحافی اور بہترین انسان اتنی جلدی ہمیں چھوڑ گیا۔ دعا کرتا ہوں کہ ان کی روح کو ابدی سکون ملے" ۔