واضح رہے کہ فاروق عبداللہ کو پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت سرینگر کے گپکار روڈ پر واقع ان کی رہائش گاہ میں حراست میں رکھا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز فاروق عبداللہ کی اہلیہ مولی عبداللہ، ان کی بہن سریا اور بیٹی صفیہ نے ان سے ملاقات کی۔
قابل ذکر ہے کہ مولی عبداللہ کا تعلق انگلستان سے ہے اور وہ لندن میں رہتی ہیں۔ وہ چند روز قبل ہی سرینگر آئی ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے اپنے بیٹے عمر عبداللہ سے بھی ہری نواس میں ملاقات کی۔
مولی عبداللہ نے چند سال قبل اپنا ایک گردہ شوہر کو عطیہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی کی ماں گلشن بیگم نے بھی ان سے چشمہ شاہی گیسٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔
واضح رہے کہ 5 اگست کو جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے سے قبل ہی انتظامیہ نے ہند نواز سیاسی پارٹیوں کے سربرہان سمیت کئی رہنماؤں کو حراست میں رکھا ہے۔ ان رہنماؤں میں جموں و کشمیر کے سابق وزرائے اعلیٰ فاروق عبداللہ، عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی شامل ہیں۔
وادی کشمیر میں آج 57ویں روز سے بندشیں بدستور جاری ہیں جبکہ وادی بھر میں فون اور انٹرنیٹ خدمات کی معطلی بھی تاحال جاری ہیں۔