نامعلوم بندوق برداروں کا ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر گشت کر رہا ہے جس میں وہ 'کشمیری ٹائیگرس' نامی نئی عسکریت پسند تنظیم سامنے آنے کی خبر کو بے بنیاد قرار دے رہے ہیں۔
ویڈیو پیغام کے ذریعہ نامعلوم بندوق بردار یہ کہتے نظر آرہے ہیں کہ کشمیری ٹائیگرس نامی کوئی بھی نئی عسکری جماعت کو وجود میں نہیں لایا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ویڈیو من گھڑت اور بے بنیاد ہے اور اس کا کسی بھی عسکری تنظیم سے کوئی واسطہ نہیں ہے۔
دراصل چند روز قبل سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گشت کر رہا تھا جس میں ایک بندوق بردار دعویٰ کر رہا تھا وہ ضلع اننت ناگ کے ڈورو نتھی پورہ کا رہنے والا مفتی الطاف حسین ہے جو گزشتہ چار ماہ قبل اپنے گھر سے لاپتہ ہو گیا تھا۔
مذکورہ بندوق بردار یہ اعلان کرتے ہوئے نظر آرہا تھا کہ اس نے کشمیری ٹائیگرسنامی ایک نئی عسکری جماعت تشکیل دے کر مذکورہ عسکریت پسند تنظیم میں شمولیت اختیار کی ہے۔
مذکورہ عسکریت پسند ویڈیو میں بھارت کے شہریوں کو انتباہ کررہا تھا کہ وہ جموں و کشمیر کی شہریت حاصل کرنے کی کوشش نہ کریں ،ویڈیو پیغام کے ذریعہ وہ کشمیریوں کو بھی خبردار کرتے ہیں کہ وہ اپنی اراضی کسی ایسے فرد کو فروخت نہ کریں جس کا تعلق جموں و کشمیر سے نہ ہو۔ ایسا کرنے کی صورت میں جان سے مار ڈالنے کی دھمکی دی گئی تھیوہیں پولیس اہلکاروں کو بھی انتباہ کیا گیا تھا کہ وہ عسکریت پسندوں کا ساتھ دیں یا غیر جانبدارانہ رول ادا کریں۔