قصبہ اننت ناگ کے مختلف مقامات خاص کر میڈیکل کالج و ضلع اسپتال جنگلات منڈی اور زچہ بچہ ہسپتال شیر باغ کے متصل قائم میڈیکل شاپ کے مالکان نے اپنی دکانوں کے باہر سفید گول لکیریں کھینچ کر ایک لائن ترتیب دی ہے تاکہ خریداروں کو ایک دوسرے سے دوری اختیار کرنے میں آسانی ہو۔
میڈیکل شاپ کے باہرپانی کا انتظام بھی رکھا گیا ہے۔ دکان کے اندر جانے سے قبل لوگوں کو اپنے ہاتھ صابن سے دھونے کو کہا جاتا ہے۔
لوگوں کو گائڈ کرنے کے لئے دکانوں کے باہر باضابطہ طور رضا کار تعینات کئے گئے ہیں۔وہیں قصبہ کے تمام اے ٹی ایمس پر بھی اسی طرح کا لائحہ عمل ترتیب دیا گیا ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے ایک ادویات فروش نے کہا کہ وہ ادویات فروخت کرنے کے دوران لوگوں کو، کورونا وائرس کے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں بھی آگاہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں ادویات کی کوئی قلت نہیں ہے اور لوگوں کو چاہیے کہ وہ غیر ضروری طور گھر سے باہر نہ نکلیں۔