پلوامہ: ہندوستان کی پانچ ریاستوں میں ہوئے اسمبلی انتخابات کے نتائج منظر عام پر آنے کے بعد رد عمل کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں کانگریس کے رہنما سریندر سنگھ چنی نے کہا کہ پانچ ریاستوں میں ہوئے انتخابات کے نتائج مایوس کن نہیں ہے۔ ہم عوام کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ اگلے انتخابات میں کانگریس بڑی طاقت کے ساتھ میدان میں واپس آئے گی۔ کانگریس کی جانب سے آج نارستان ترال میں ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت ریاستی کانگریس کے نائب صدر سریندر سنگھ چنی نے کی جب کہ اس موقعے پر آل انڈیا یوتھ کانگریس کے جواینٹ سیکرٹری منپریت سنگھ اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ اس موقعے پر لوگوں نے اپنے مطالبات لیڈران کی نوٹس میں لائے۔ لیڈران نے عوامی شکایات غور سے سنی اور انھیں یقین دہانی کروائی کہ ان کے مسائل کو ایل جی انتظامیہ کی نوٹس میں لایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:کشمیر میں ٹرانسپورٹرز کے تحفظات دُور کریں گے، الطاف بخاری
سریندر سنگھ چنی نے میڈیا کو بتایا کہ ملک کے چار ریاستوں میں انتخابی نتائج بھلے ہی کانگریس کے حق میں نہ ہوں لیکن یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ برسرِ اقتدار ہونے کے باوجود بی جے پی کانگریس کے عزائم کو پسپا نہیں کر سکی۔ انہوں نے بتایا کہ ان انتخابی نتائج کے بعد کانگریس مزید کوشش کرے گی اور پارلیمانی انتخابات پر ان کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔