جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے جمعہ کو بالی ووڈ فلم "شکارہ" کی تشہیر پر پابندی سے متعلق عرضی کو خارج کر دیا۔ تفصیلی فیصلہ ابھی آنا باقی ہے، تاہم عدالت نے فلم کی تشہیر پر روک سے متعلق عرضی کو یہ کہہ کر خارج کیا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ اور مرکزی حکومت نے تحریری طور یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ فلم کی تشہیر کے دوران کسی طرح کے امن و قانون کی صورتحال کو پیدا ہونے کی اجازت نہیں دی جائی گی۔
واضح رہے کہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے تین سماجی کارکن اور ایک صحافی نے مفاد عامہ کے تحت فلم "شکارہ" کی تشہیر پر پابندی لگانے کے لیے جموں و کشمیر ہائی کورٹ میں ایک عرضی دائر کی تھی جس پر عدالت میں سماعت کے دوران مدعا علیہان سے جواب طلب کیا گیا تھا کہ فلم کی تشہیر پر کیوں نہ روک لگائی جائے۔
غور طلب ہے کہ فلم "شکارہ" جمعہ کو 9 بجے مختلف سینما ہالز میں ریلیز کی گئی ہے۔