جموں وکشمیر کرائم برانچ نے وادی کے طلباء کے لئے اقلیتی کوٹہ کے تحت میرٹ کم مینز اسکالرشپ کے لئے مرکزی حکومت کے قومی اسکالرشپ پورٹل پر فرضی درخواست فارم اپ لوڈ کرنے پر ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔
جموں و کشمیر کرائم برانچ کے ایک بیان کے مطابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس کی سربراہی میں ملزم سلیم شیخ کو مغربی بنگال میں کرائم برانچ کشمیر کی ٹیم نے گرفتار کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 'ملزم نے دوسرے ملزمان کے ساتھ سازش کے تحت ضلع کولگام کے لئے سال 2018-19ء کے دوران جموں و کشمیر کے طلباء کے لئے اقلیتی کوٹہ کے تحت میرٹ کم مینز اسکالرشپ کے لئے قومی اسکالرشپ پورٹل پر فرضی درخواست فارم اپ لوڈ کیا۔ اس کے بعد ان سے ان اداروں نے تصدیقیں کی جو جموں و کشمیر میں موجود نہیں تھے'۔
فائدہ اٹھانے والوں کی درخواستوں کی ضلعی سماجی بہبود کے افسر کولگام نے دھوکہ دہی قرار دیا اور وزارت اقلیتی امور کی جانب سے 1.34 کروڑ روپئے مغربی بنگال کے ضلع مالدہ کے 463 فرضی مستحقین کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کردیئے گئے جو مختلف بینکوں کی شاخوں میں رکھے گئے ہیں۔