یہ پروگرام ریاست کی تمام پنچایتوں میں 20 سے27 جون 2019 تک منعقد ہوگا۔
پروگرام کے تمام پہلو کا جائزہ لینے کے لیے چیف سیکرٹری بی وی آر سبرامنیم نے گزشتہ روز انتظامی سکریٹریز ، صوبائی کمشنر اور مختلف محکموں کے سربراہوں کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کی۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد پنچایتوں کو با اختیار بنانا، مختلف سرکاری اسکیموں اور پروگراموں کی عمل آوری سے متعلق فیڈ بیک حاصل کرنا، دیہاتوں میں موجود مخصوص اقتصادی گنجائشوں کو تلاش کرنا اور ضروریات کا جائزہ لینے سمیت افسروں کو دیہات کا دورہ کرنے کا موقعہ فراہم کرنا ہے۔
اس پروگرام کے تحت 4483 پنچایتوں کے کام کاج میں نئی رو ح پھونکنے اور کمیونٹی کے اشتراک سے ترقیاتی کاموں کو فروغ دینے اور دیہات میں رہنے والے لوگوں کے معیار حیات میں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔
پروگرام کے حصے کے طو رپر چیف سکریٹری نے کہا کہ ہر ایک گزٹیڈ افسر کو ایک گرام پنچایت پر اختیار دیا جائے گا جہاں وہ کم سے کم2 دن بشمول ایک رات گذار کر پنچایتی نمائندوں، معزز شہریوں اور دیگر عام لوگوں سے فیڈ بیک کے علاوہ ترقیاتی ضروریات اور اقتصادی گنجائشوں سے متعلق تجاویز حاصل کریں گے۔
زمینی سطح پر حاصل کیے گئے اس فیڈ بیک کی بدولت مختلف مرکزی اور ریاستی اسکیموں کی موثر عمل آوری، دیہات میں مختلف خدمات کی دستیابی اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ یہ پروگرام اس مقصد کے لیے تشکیل دیا گیا ہے تا کہ ترقیاتی ضروریات کے حوالے سے عوام کا فیڈ بیک اور تعاون حاصل کیا جائے اور لوگوں کی ضروریات کو اُن کی موثر شرکت داری سے پورا کیا جاسکے۔
پروگرام کی موثر عمل آوری کے لیے چیف سیکرٹری نے کہا کہ افسران کو15 جون کو صوبائی سطح پر تربیت دی جائے گی جبکہ مختلف اضلاع میں بھی یہ تربیت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنروں کو ذاتی طور ان تربیتی پروگراموں میں حاضر رہنے کی ہدایت دی تا کہ انہیں اس پروگرام کے اغراض و مقاصد کے بارے میں جانکاری حاصل ہوسکے اور متعلقہ اضلاع میں اس پروگرام کو احسن طریقے سے عمل میں لایا جاسکے۔
دیہی ترقیات میں پنچایتوں کی اہمیت بیان کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ معیار حیات اور ترقیات کے عمل میں بہتری لانے کے لیے پنچایتوں کے ذریعے اس پروگرام کی عمل آوری بے حد ضروری ہے کیوں کہ عوام کی شرکت سے نہ صرف پروگرام کی موثر عمل آوری یقینی بنے گی بلکہ ترقیات کو بھی فروغ دینے میں مدد ملے گی۔