موسم سرما کے ایام میں جہاں لوگوں کی آمدنی کے وسائل محدود ہو کر رہ گئے ہیں تو جموں و کشمیر کے متعدد علاقے میں سبزیوں کی قیمت آسمان چھو رہی ہیں۔
جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں اشیائے ضروریہ اور سبزی کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہورہا ہے۔
ترال کے بازاروں میں ان دنوں سبزیاں سونے کے بھاؤ بک رہی ہیں جس کے سبب غریب صارفین کی قوت خرید اب جواب دے چکی ہے۔ تاہم انتظامیہ اس ضمن میں کوئی کاروائی نہیں کر رہی ہے۔
مقامی عوام کے مطابق ساگ سبزیوں سے لیکر دیگر اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافہ اس بات کی طرف اشارہ کر رہا ہے کہ حکام ناجائز منافع خوروں کے سامنے بے بس ہے۔
مزید پڑھیں:
'بی جے پی جموں و کشمیر کی ترقی کے لئے کوشاں'
ایک صارف نے بتایا کہ بازاروں میں سرکاری سطح پر مشتہر شدہ ریٹ لسٹ ایک ردی کاغذ کے سوا کچھ نہیں ہے اس کے مطابق بازاروں میں کوئی چیز دستیاب نہیں ہیں۔
وہیں ایک دوسرے صارف کا کہنا تھا کہ بازاروں میں مہنگائی کے سبب وہ اب سبزیاں خریدنے کی طاقت ہی نہیں رکھ رہا ہے کیونکہ مہنگائی کے اس عالم میں غریب کا پرسان حال کوئی نہیں ہے۔