وادی کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ پھر شروع ہوا ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا۔
محکمۂ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادیٔ کشمیر میں طویل خشک موسم کے بعد آج علی الصبح سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
واضح رہے کہ محکمۂ موسمیات نے ایک ہفتے قبل ہی وادیٔ کشمیر میں برف و باراں کی پیش گوئی کی تھی اور باغ مالکان سے خصوصی طور پر اپیل کی تھی کہ وہ نقصان سے بچنے کے لئے درختوں سے پھل اتارنے اور کٹائی و دیگر امور کی انجام دہی میں کوئی تاخیر نہ کریں۔
وادی کے پہاڑی علاقوں بشمول کولگام کے پیر پنچال علاقوں میں علی الصبح برفباری شروع ہوئی جو وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔
وہیں جموں سرینگر قومی شاہراہ پر بھی اگرچہ گزشتہ شام سے ہی بارش شروع ہوئی تھی۔ تاہم صبح سویرے برفباری بھی ہوئی۔ اس دوران قومی شاہراہ پر وقفہ وقفہ ٹریفک کی نقل و حمل جاری تھی لیکن جواہر ٹنل کے مقام پر برفباری کی وجہ سے مختلف مقامات پر زمین کھسکنے اور چٹانیں گر آنے کی وجہ سے شاہراہ کو آمد رفت کے لیے بند کیا گیا۔
اکثر و بیشتر بارش اور برفباری کے دوران مغل شاہراہ پر مٹی کے تودے گرنے کا خطرہ رہتا ہے اور کئی بار حادثے بھی پیش آئے ہیں۔
ادھر صوبہ جموں کے دو اضلاع پونچھ اور راجوری کو جنوبی کشمیر سے جوڑنے والی مغل شاہراہ پر برفباری کے باعث ٹریفک کی نقل و حمل بند کر دی گئی ہے۔