پارلیمنٹ حملے میں ملوث افضل گورو کے بیٹے غالب گورو پر ایک فلم بنائی گئی ہے جس کا ٹریلر ریلیز کیا گیا ہے۔ یہ فلم افضل گورو کے بیٹے غالب کی زندگی پر فلمائی گئی ہے۔
افضل گورو کو پھانسی دئے جانے کے بعد جو تکالیف ان کے بیٹے نے اٹھائی ہیں یہ فلم اسی پر مبنی ہے۔ تاہم اس فلم کو کورونا وائرس کی وجہ سے فی الحال ریلیز ہونے سے روکا گیا ہے اور اس فلم کو اب دسمبر تیرہ سے دو دن پہلے ریلیز کی جائے گی۔ دسمبر تیرہ 2001 کو ہی دہلی میں عسکریت پسندوں نے پارلیمنٹ پر حملہ کیا تھا۔
اس فلم کی شوٹنگ اٹھارہ مہینوں میں مکمل کی گئی ہے۔ اس فلم کے رائٹر اور ہدایتکار دھیرج مشرا کے مطابق اس فلم کی عکس بندی جموں کشمیر کے بھدرواہ میں ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ اج سے کچھ سال قبل غالب نے اپنے والد کے مرنے کے بعد امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھائی اور اس وقت وہ سرخیوں کا حصہ بنے رہے۔ جس سے فلم "غالب" کے ہدایتکار متاثر ہوئے اور اس نے افضل گورو کے بیٹے غالب پر فلم بنائی۔
یاد رہے کہ افضل گورو کو تہاڑ جیل میں فروری نو دو ہزار تیرہ کو پھانسی دی گئی تھی۔ افضل گورو کو پارلیمنٹ حملہ میں ملوث پایا گیا تھا۔