جموں و کشمیر کے سابق گورنر جگموہن ملہوترا کا گزشتہ شب انتقال ہوگیا۔ 94 برس کے جگموہن اس وقت اپنے اہل و عیال کے ساتھ بھارت کے دار الحکومت دہلی میں قیام پزیر تھے۔ اگرچہ یہ ابھی تک معلوم نہیں ہو پایا ہے کہ اُن کی وفات ہسپتال میں ہوئی یہ پھر گھر پر، تاہم اُن کے رشتےداروں نے اس خبر کی تصدیق کی ہے۔
واضح رہے کہ جگموہن 1990 میں جموں و کشمیر کے گورنر تھے تاہم میرواعظ مولوی محمد فاروق کی ہلاکت کے بعد وی پی سنگھ کی حکومت نے ان کو عہدے سے ہٹا دیا تھا۔ جگموہن دہلی اور گوا کے لیفٹیننٹ گورنر بھی رہے۔۔
پدما ویبھوشن، پدما بھوشن اور پدم شری سے نوازے جانے کے باوجود جگموہن نے اپنی زندگی کے آخری ایام سیاست سے دور کتابوں کے درمیان دہلی کی ای ای سی لائبریری میں گزارنا پسند کیا۔ اُنہوں نے کشمیر میں اپنے دور پر مبنی ایک کتاب "مائی فروزن ٹربولینس ان کشمیر" بھی تحریر کی ہے۔
ان کے انتقال پر وزیراعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، بی جے پی کے صدر جے پی نڈا نے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ اعلی رہنماؤں نے جگموہن کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا۔