رہائی کے بعد فاروق عبداللہ کی عمر عبداللہ سے یہ دوسری ملاقات تھی۔
انتظامیہ میں موجود ذرائع کے مطابق فاروق عبداللہ اپنی اہلیہ مولی عبداللہ اور صاحبزادی صوفی عبداللہ کے ہمراہ آج دوپہر اپنے صاحبزادے عمر عبداللہ سے ملاقات کرنے گئے تھے۔ وہاں تقریبا ایک گھنٹے تھے جس کے دوران افراد خانہ نے اپنے گھریلو معاملات پر بات کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فاروق عبداللہ نے رہائی سے قبل عمر عبداللہ سے ملاقات کرنے کی عرضی دی تھی جس کے سبب انہیں آج بھی ملاقات کی اجازت دے دی گئی۔
واضح رہے کہ آج کانگریس کے سینیئر لیڈر غلام نبی مونگا نے فاروق عبداللہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی اور ان کی صحت کے تعلق سے جانکاری حاصل کی تھی۔
گزشتہ شب فاروق عبداللہ جموں و کشمیر کی سابق وزیراعلی محبوبہ مفتی کی والدہ گلشن آراء اور ان کی صاحبزادی التجا مفتی سے ملاقات کرنے ان کے رہائش گاہ پر گئے تھے۔ جہاں فاروق عبداللہ کی رہائی کے بعد ان کی رہائش گاہ پر سیاسی رہنماؤں کا مجمع لگا ہوا ہے وہیں فاروق عبداللہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں اور صحافیوں سے سیاسی سرگرمیوں کے تعلق سے کوئی بھی بات کرنے سے پرہیز کر رہے ہیں۔
عمر عبداللہ گزشتہ برس پانچ اگست سے زیر حراست ہیں۔ ان کے علاوہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی محبوبہ مفتی، نوکر شاہ سے سیاستدان بننے شاہ فیصل، نعیم اختر، سرتاج مدنی، ہلال اکبر لون، اور علی محمد ساگر ابھی بھی پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت زیر حراست ہیں۔