ضلع ڈوڈہ کے دیہات میں رواں سال موسلادھار بارشوں اور برفباری کی وجہ سے کسانوں و باغبانوں کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔
بارشوں کی وجہ سے ربیع کی فصل تباہ ہو گئی ہے، ضلع کے بیشتر گاؤں میں جو فصل خراب ہونے سے بچ گئی تھی اُس کو بندروں نے برباد کر دیا ہے ساتھ ہی باغبانوں کو بھی شدید پریشان کیا ہے۔
تحصیل کاستی گڑھ شروڑ گاؤں کے کسانوں نے بتایا کہ بندروں نے میوے کے درختوں سے شگوفے پڑتے ہی مسمار کرکے کسان طبقہ کو مالی خسارے میں ڈال دیا ہے۔
کسانوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فصل و باغیچوں کے نقصان کا جائزہ لیا جائے اور کسانون کو معقول معاوضہ فراہم کیا جائے اس کے علاوہ بنک سے جو کسان کریڈیٹ لیا گیا ہے اُس کو بھی معاف کیا جائے تاکہ کسانوں کو قرض ادائیگی سے نجات ملے۔
مقامی کسان امجد احمد ،اور مسعود احمد نے بتایا کہ گزشتہ برس بھی ژالہ باری سے میوے کی فصل ختم ہو گئی تھی اس کے علاوہ سبزیاں ،دھان کی فصل ،دالیں سب تباہ ہو گئی تھیں۔
اُنہوں نے حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں غریب کسانوں کی مالی مدد کی جائے ۔