سرینگر: جموں و کشمیر کے شمالی ضلع برمُلا کے سیاحتی مقام گلمرگ میں کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کا تیسرا شمارہ جاری ہے۔ جس میں ملک کے بہترین کھلاڑی مختلف مقابلوں میں شرکت کر رہے ہیں اور بہترین کھیل کا مظاہرہ بھی کر رہے ہیں۔ اس کھیل کے تہوار کو کامیاب بنانے کے لیے کھیلو انڈیا کے منتظمین بھی پیش پیش ہیں۔ ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کی سیکریٹری نزہت گُل نے کہا کہ گزشتہ روز خراب موسم کی وجہ سے مقابلے ملتوی کرنے پڑے تھے لیکن آج صبح سے ہی کھیل جاری ہے اور کھلاڑی بہترین کھیل کا مظاہرہ بھی کر رہے ہیں۔
نزہت گل کا کہنا تھا کہ اتنا بڑا ایونٹ منعقد کرنا آسان کام نہیں ہے اس کے باوجود ہم نے اس کھیل کو منعقد کرنے کے لیے کسی بھی قسم کی کوئی کسر باقی نہیں رکھی ہے، کھلاڑیوں کو اچھا کھانا، ایکسنڈیشن اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کچھ کھلاڑیوں کے ساتھ اُن کے والدین بھی آئے تھے جس وجہ سے تھوڑی مشکلات پیش آئی تھی لیکن سب کچھ بہترین انداز سے سنبھال لیا گیا۔ کھلاڑیوں کو کسی قسم کی کوئی پریشانی نہ ہو اس کے لیے طبی عملہ کو بھی یہاں پر رکھا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Khelo India Winter Games گلمرگ میں کھیلو انڈیا کا تیسرا دن
کھیلو انڈیا کے فائدہ کا ذکر کرتے ہوئے نزہت گل نے کہا کہ، یہ ایک ایسا پلٹ فارم ہے جس سے ناصرف یہ ثابت ہوتا ہے کہ کشمیر کے گلمرگ میں کتنی گنجائش ہے بلکہ کھلاڑیوں کو اولمپکس کے لیے تیار ہونے کا موقع بھی فراہم ہوتا ہے۔ اس کھیل ایونٹ سے بھارت کی یکجہتی کا بھی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ اُنھوں نے مزید کہا کہ ہم نے اس مرتبہ ایونٹ میں متعدد نئے کھیل کو پہلی دفعہ شامل کیا گیا ہے تاکہ کھلاڑیوں کو اولمپکس کے لیے تیار کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کی سیکریٹری نے ای ٹی وی بھارت کا شاندار میڈیا کوریج کے لیے شکریہ بھی ادا کیا۔