کووڈ 19 وبائی بیماری کے تناظر میں انتخابات ملتوی کرنے کے بعد حکام نے بالآخر 25 ستمبر کو سرینگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) کے لیے میئر کے انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایس ایم سی کے سیکرٹری کے ذریعہ جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے مطابق انتخابات 25 نومبر کو ہوں گے جبکہ کاغذات نامزدگی کے فارم 20 نومبر سے ایس ایم سی کے سیکرٹری کے دفتر سے حاصل کیے جائیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر میونسپل کارپوریشن ایکٹ 2000 کے سیکشن 36 کے مطابق مطلع کیا جارہا ہے کہ سرینگر میونسپل کارپوریشن کے میئر کا انتخاب دیئے گئے شیڈول کے مطابق عمل میں لایا جائے گا۔
اس میں کہا گیا ہے کہ ' نامزدگی کاغذات ایس ایم سی کے سیکرٹری کے دفتر سے 20 نومبر 2020 سے صبح 10 بجے سے چار بجے کے درمیان حاصل کیے جاسکتے ہیں۔'
امیدواری دستبرداری کا نوٹس امیدوار کے ذریعہ کسی بھی وقت 25 نومبر 2020 تک یا اجلاس سے پہلے انتخابات کے عمل سے قبل ہی بھیج دیا جائے گا۔
نوٹیفیکیشن میں مزید کہا گیا کہ یہ ا انتخابات 25 نومبر 2020 کو 11 بجے کے بعد شروع ہونگے۔
قابل ذکر ہے کہ ایس ایم سی کے سابق میئر جنید متو کے خلاف 16 جون کو کارپوریٹرز کی اکثریت نے عدم اعتماد ظاہر کر کے انہیں میئر کے عہدے سے ہٹایا تھا جس کے بعد سے یہ عہدہ خالی پڑا ہوا ہے۔
ایس ایم سی کے انتخابات 2018 کے اواخر میں منعقد ہوئے تھے جس میں جنید متو اور شیخ عمران کے مابین میئر کے عہدے پر کافی رسہ کشی ہوئی تھی اور گزشتہ کئی ماہ سے وہ ایک دوسرے کے خلاف سوشل میڈیا پر مورچہ زن ہیں۔
اگرچہ انتظامیہ نے میئر انتخابات کو مؤخر کرنے کا سبب کووڈ 19 کو ٹھہرایا ہے۔ تاہم کئی کارپوریٹرز کا الزام ہے کہ بی جے پی کی مداخلت کے سبب جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گونر انتظامیہ نے ایسا فیصلہ کیا ہے۔