جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ژیروارڈ کوکرناگ علاقے میں کورونا سے ایک ہی خاندان کے 8 افراد متاثر ہوئے ہیں، حلقے میں مریضوں کی تعداد 73 پہنچ گئی۔
وادی کشمیر میں ہر گذرتے دن کے ساتھ کووڈ19 کے کسیز میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے یہاں کے لوگ تذبذب کا شکار ہو رہے ہیں۔ حلقہ انتخاب کوکر ناگ کھار پورہ علاقے میں 23 اپریل کو اس وقت سنسنی پھیل گئی جب اس علاقے میں کورونا وائرس کے 10 کیسز مثبت پائے گئے اور حلقے میں ہر گذرتے وقت کے ساتھ یہ تعداد بڑھ کر 73 تک پہنچ گئی۔
دراصل مذکورہ خاندان کا ایک فرد محکمہ پولیس میں بحیثیت کانسٹیبل کام کر رہا ہے جو کہ لارنو تھانے میں تعینات ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ پولیس اہلکار کا نمونہ چند روز قبل جانچ کے لئے بھیجا گیا تھا جو مثبت پایا گیا۔
وہیں مذکورہ پولیس اہلکار کے آٹھ افراد خانہ کے ٹیسٹ بھی مثبت پائے گئے جن میں ای حاملہ خاتون بھی شامل ہے۔محکمہ صحت کی جانب سے ان تمام افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے مذکورہ افراد خانہ کے رابطہ میں آنے والے دیگر افراد کی نشاندہی کی جارہی ہے تاکہ انہیں قرنطینہ کرکے جانچ کے نمونے حاصل کئے جائیں۔
وہیں انتظامیہ نے علاقہ کو مکمل طور سیل کیا ہے اور ہر وہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جس سے علاقہ میں وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔