بڈگام: جموں و کشمیر کے ضلع بڈگام کے ڈی سی ایس ایف حامد نے گردوارہ صاحب گرو نانک چرن استھان بیروہ کا دورہ کیا۔ سکھ کمیونٹی کے اراکین کے ساتھ بات چیت کی، بیساکھی کے تہوار کے موقع پر کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈی سی بڈگام نے بیرم غار کے مقام پر جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔دورے کے دوران ڈی سی ایس ایف حامد نے سکھ برادری کو بیساکھی کی مبارکباد دی اور بیساکھی تہوار کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے انتظامات کو لے کر مقامی باشندوں سے بھی بات چیت کی۔
بڈگام میں واقع ضلع گردوارہ پربندھک کمیٹی نے ضلع میں سکھ برادری کے علاقوں میں بنیادی سہولیات کے مناسب انتظامات کرنے پر ضلع انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ وہ ترقیاتی کاموں سے خوش ہیں اور بنیادی سہولیات سے مطمین ہیں۔ ضلع گردوارہ پربندھک کمیٹی بڈگام کے نمائندوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ بڈگام کی طرف سے بیساکھی کے موقع پر تمام گردواروں اور سکھ برادری کے علاقوں میں بلاتعطل پانی اور بجلی کی فراہمی سمیت پریشانی سے پاک انتظامات قابل تعریف ہیں۔بات چیت کے دوران اراکین نے ڈی سی کے ساتھ مختلف مطالبات بھی اٹھائے۔ ڈی سی بڈگام نے مسائل کو سنے۔انہوں نے تمام مسائل کو جلد سے جلد حل کی یقین دہانی کرائی۔
یہ بھی پڑھیں:Sikhs Demand Reservation سکھ برادری کو ریزرویشن دینے کا مطالبہ
بعد ازاں، ڈی سی نے بیروہ ٹاؤن میں واقع بیرم غار سائٹ کا بھی دورہ کیا جس میں غار کی جگہ تک اپروچ روڈ کی ترقی، لائٹس کی تنصیب، زائرین اور سیاحوں کے لیے پارکنگ کی سہولت اور لان کی ترقی سمیت جاری کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ڈی سی کے ہمراہ ایس ڈی ایم بیروہ توفیق غازی، تحصیلدار بیروہ، ای او میونسپل کمیٹی بیروہ اور دیگر متعلقہ افسران اور اہلکار موجود تھے۔