اننت ناگ:مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر میں یکم جولائی سے شروع ہونے والی امرناتھ یاترا کے سلسلہ میں انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی سمیت دیگر ضروری انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، ننون بیس کیمپ پہلگام میں امرناتھ یاتریوں کی تمام تر سہولیات کو یقینی بنایا گیا ہے۔ وہیں بیس کیمپ سے امرناتھ ناتھ گھپا کے درمیان موجود تمام پڑاؤ پر یاتریوں کو ضروری سہولیات بہم پہنچانے کے لئے انتظامات کئے گئے ہیں۔
یاترا کے انعقاد کو خوش اسلوبی سے انجام دینے اور یاتریوں کو تمام تر سہولیات فراہم کرنے کے لئے متعلقہ محکمہ جات قبل ازوقت متحرک ہیں، عہدیداران کی جانب سے پہلگام میں یاتریوں کی سہولیات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس سلسلہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ سید فخرالدین حامد نے پہلگام کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فرسکنگ پوائنٹ پر سیکورٹی آلات، آر ایف آئی ڈی اور سکیورٹی سے جڑے دیگر معاملات کا جائزہ لیا۔
وہیں انہوں نے نُن ون بیس کیمپ کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر یاتریوں کے قیام و طعام اور دیگر سہولیات کا بھی معائنہ کیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سید فخرالدین حامد نے کہا کہ یاتریوں کی سہولیات اور حفاظت سے جڑے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے.. تاہم اس سلسلہ میں کئی دیگر انتظامات کا کام آخری مرحلہ میں ہے۔
یہ بھی پڑھیں:Amarnath Yatra 2023 انتظامیہ امرناتھ یاترا کے پُر امن اور خوشگوار انعقاد کیلئے پُرعزم
ڈی سی نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرس نے یاترا کے پرامن انعقاد میں انتظامیہ کو اپنا بھرپور تعاون پیش کرنے کی یقین دہانی کی ہے انہوں نے امید جتائی کہ یاترا پُرامن اور خوش اسلوبی سے اختتام پذیر ہوگی۔